ممبئی، 28؍فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )شیوسینا نے فوج میں بھرتی کا پیپر لیک ہونے کو لے کر وزیر دفاع منوہر پاریکر پر آج نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کو اس پورے واقعہ کی ذمہ داری لینی چاہیے جس نے حکومت کی شبیہ خراب کی ہے۔شیوسینا نے پارٹی کے ترجمان اخبار ’سامنا‘ میں شائع اداریہ میں کہاکہ یونیورسٹیوں اور دیگر امتحانات کے پیپر لیک ہوتے تھے، لیکن اب فوج کی بھرتی سے متعلق پیپر بھی لیک ہو گیا،جب جوان اپنی جان قربان کر رہے ہیں، ایسے میں اس پیپر کے لیک ہونے سے حکومت کی شبیہ خراب ہو گئی ہے۔اس نے کہاکہ منوہر پاریکر دوبارہ گوا کے وزیر اعلی بننا چاہتے ہیں اور وہ پنجی سے وزارت دفاع کی ذمہ داری سنبھال رہے ہیں لیکن کم از کم جب تک وہ وزیر دفاع کے عہدے پرفائز ہیں، انہیں اپنا فرض نبھانا چاہیے ۔شیو سینا نے کہا کہ یہ معاملہ قومی سلامتی سے جڑا ہوا ہے، اس لیے بی جے پی کو آگے آکر پیپر لیک کی پوری ذمہ داری لینی چاہیے ۔شیوسینا نے کہاکہ وزیر اعظم قوم پرستی اور قربانی کی بات کرتے ہیں ،لیکن ان کی باتیں حقیقت میں تبدیل ہوتی دکھائی نہیں دیتیں ، اگر نوٹ بند ی میں قوم پرستی ہے، تو فوج کی بھرتی میں بھی ایسا ہی ہونا چاہیے ۔قابل ذکرہے کہ پرچہ سوالات لیک کرانے والے ریکیٹ کا سنیچر کی رات کو پردہ فاش ہوا تھا، جب مہاراشٹر اور گوا میں چھاپہ ماری کے بعد 18لوگوں گرفتار کیا گیا تھا، تین اور لوگوں کو کل گرفتار کیا گیاہے، ان سب کو تھانے کی ایک عدالت نے 4 ؍مارچ تک کے لیے پولیس حراست میں بھیج دیا ہے۔پرچہ سوال لیک ہو جانے کی وجہ سے 26؍فروری کو ہونے والے اس امتحان کو منسوخ کر دیا گیا تھا۔